سعودی جنرل ایجوکیشن کی ترجمان ابستام الشھری نے کہا ہے کہ ’پہلے سے شیڈول بدھ کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ترجمان ابتسام الشھری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ شاہی ہدایت پر بدھ 23 نومبر کو چھٹی ہوگی، اس لیے بدھ کے امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے’۔
ابتسام الشھری نے کہا کہ ’مقررہ پروگرام کے مطابق بدھ کو ہونے والے امتحانات اب آئندہ بدھ 7 دسمبر کو لیے جائیں گے۔ یہ امتحانات دوسرے تعلیمی سیشن کے پہلے ہفتے میں ہوں گے‘۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر بدھ 23 نومبر کو مملکت بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت جاری کی ہے کہ ’ بدھ کو تمام سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کے ملازمین کی چھٹی ہوگی‘۔