Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش کے دوران حادثات، وزارت صحت کی جانب سےطبی اداروں کو ہائی الرٹ

ہنگامی حالت میں فوری امداد کے لیے’صحتی ایپ ‘ استعمال کی جائے(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میں وزارت صحت کے ترجمان عبداللہ الغامدی نے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والے صحت مسائل سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ 
اخبار  24 سے گفتگو کرتے ہوئے الغامدی نے کہا کہ بارش کے دوران حادثات سے دوچار ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے جدہ کے ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ 
الغامدی نے کہا کہ اگر جدہ میں راستے بند ہونے کی وجہ سے کوئی متاثرہ شخص ہسپتال یا ہیلتھ سینٹر نہ پہنچ پا رہا ہو تو وہ ’صحتی ایپ‘ ڈاؤن لوڈ کرکے رابطہ کرسکتا ہے علاوہ ازیں 937 پر رابطہ کرکے استفسار کا جواب حاصل  کرسکتا ہے۔ 
جدہ محکمہ صحت نے  توجہ دلائی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کلپس کا یہ دعوی درست نہیں کہ ہمارے بعض ہسپتال بارش میں ڈوب گئے  ہیں۔ اس قسم کی غلط افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 
دوسری جانب مکہ مکرمہ ریجن  میں سعودی ہلال احمر نے اس سے قبل تمام مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اطمینان دلایا تھا کہ ریجن کی بعض کمشنریوں میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر ہلال احمر کی تمام تیاریاں اعلی درجے کی ہیں۔ 
ہلال احمر کے ڈائریکٹر مصطفی بلجون  نےبتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نیز  98 امدادی مراکز اور رضاکاروں کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے مستعد ہیں۔ 
بلجون نے یہ بھی کہا کہ جدہ میں زیادہ بارش کے  پیش نظر مکہ مکرمہ اور طائف سے بھی امدادی ٹیمیں طلب کی گئی ہیں۔ 

شہری اورمقمین بارش کے دوران احتیاطی تدابیرپرعمل کریں(فوٹو، ایس پی اے)

بلجون نے مقامی شہریوں اورتارکین وطن سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران متعلقہ اداروں کی ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔ شاہراہوں پر ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں اور ایمبولینسوں کو گزرنے کے لیے راستہ دینے کا خیال کریں۔ 
الغامدی نے  توجہ دلائی کہ بارش کے بعد دمے کے مسائل پیدا ہوسکتے  ہیں۔ اس حوالے سے وزارت صحت نے اپنے اکاؤنٹ پر ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔

شیئر: