Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گولڈن، گرے اور بلیو، ٹوئٹر کے نئے بیجز کس کس کو ملیں گے؟

ایلون مسک نے بتایا کہ ’کسی بھی سلیبریٹی یا عام شخص کے لیے نیلا رنگ مختص ہوگا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹس کے درمیان فرق واضح کرنے کے لیے مختلف رنگوں کے بیجز لانچ کرے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایلون مسک نے جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’تاخیر کے لیے معذرت، ہم عارضی طور پر آئندہ ہفتے جمعے کو تصدیق کی سبسکرپشن لانچ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے جمعے کو اعلان کیا کہ یہ پلیٹ فارم اکاؤنٹس کے درمیان فرق کرنے کے لیے مختلف رنگوں کے بیجز لانچ کرے گا۔
ایلون مسک نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ ’کمپنیوں کے لیے سنہرا، سرکاری اداروں اور افراد کے لیے گرے، کسی بھی سلیبریٹی یا عام شخص کے لیے نیلا رنگ مختص ہوگا۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام تصدیق شدہ انفرادی اکاؤنٹس کے لیے ایک ہی بلیو ٹک ہو گا تاہم  کچھ (اکاؤنٹس) کے  آخر میں ایک چھوٹا لوگو دِکھائی دے گا جس میں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں اگر اس تنظیم کے ذریعے تصدیق کی گئی ہو۔‘
ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سربراہ  کی جانب سے صارفین کے لیے ’تصدیق شدہ‘ ہونے کے لیے ادائیگی کرنے کی تجویز پر گذشتہ ماہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سبسکرپشنز کے لیے صارفین سے فیس وصول کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس کی آمدنی کو متنوع بنایا جا سکے۔ ٹوئٹر فی الحال اپنی آمدنی کا 90 فیصد اشتہارات پر انحصار کرتا ہے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ ویب سائٹ پر موجود ویریفائڈ اکاؤںٹس کو ماہانہ 20 ڈالر تک فیس دینی پڑے گی، تاہم بعد ازاں انہوں نے تنقید کے بعد فیس کو کم کرکے 8 ڈالر کردیا تھا۔
رواں ماہ ٹوئٹر نے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کا بلیو چیک مارک حاصل کرنے کے لیے آٹھ ڈالر کا سبسکرپشن پلان عارضی طور پر روک دیا تھا۔
سبسکرپشن پلان متعارف ہونے کے بعد جعلی اکاؤنٹس کی تعداد میں اس قدر اضافہ ہوا تھا کہ ٹوئٹر کو کچھ صارفین کے لیے علیحدہ سے ’آفیشل‘ کا بیج بھی جاری کرنا پڑا۔
اس سے قبل بلیو چیک مارک تصدیق کے بعد جاری کیا جاتا تھا جو اکثر سیاستدانوں، صحافیوں یا دیگر معروف شخصیات کے تھے۔

شیئر: