ریاض میں اپارٹمنٹ کی اوسط قیمت بڑھ گئی مگر فروخت میں کمی
ریاض میں اپارٹمنٹ کی اوسط قیمت بڑھ گئی مگر فروخت میں کمی
منگل 29 نومبر 2022 5:09
رواں سال گھروں کی فروخت کا حجم 24 فیصد تک کم ہوا( فائل فوٹو: عرب نیوز)
عالمی پراپرٹی کنسلٹنسی فرم نائٹ فرینک کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مکانات کی مجموعی ٹرانزیکشنز کی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ 12 مہینوں کے دوران ریاض میں اپارٹمنٹ کی اوسط قیمت 30 فیصد تک بڑھ گئی ہے جب کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نائٹ فرینک کے مطابق اس کے نتیجے میں ہاؤسنگ ڈیلز کی تعداد میں کمی آئی اوراس سال گھروں کی فروخت کا حجم 24 فیصد تک گر گیا۔
نائٹ فرینک میں مڈل ایسٹ ریسرچ کے پارٹنر ہیڈ فیصل درانی نے کہا کہ ’خریدار کی توقعات اور مملکت کے شہروں میں رجسٹرڈ مکانات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ گھروں کی فروخت کی تعداد میں کمی کی نشاندہی کر رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’2030 تک دارالحکومت کے لیے تقریباً دو لاکھ نئے گھروں کی مضبوط پائپ لائن کے باوجود قیمتوں میں اضافہ تیزی سے اوپر کی جانب گامزن ہے جس کے نتیجے میں 2022 کی تیسری سہ ماہی تک دارالحکومت میں فروخت ہونے والے گھروں کا مجموعی حجم 30 فیصد کم ہوا اور گزشتہ سال کے 11 ہزار 74 ٹرانزیکشنز کے مقابلے میں 77 ہزار 750 ٹرانزیکشنز تک پہنچ گئیں۔‘
نائٹ فرینک کے اندازوں کے مطابق ریاض کو ہاؤسنگ سپلائی کے خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا جب 2030 تک آبادی میں متوقع اضافہ 7.5 ملین سے بڑھ کر 17 ملین ہو جائے گا۔
فیصل درانی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’معاملات کو مزید بگاڑنے کے لیے کچھ فروحت کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی تارکین وطن کی آمد کا فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی انوینٹری کو لیز پر دینے کا انتخاب کر رہے ہیں جس سے فروخت کی فراہمی میں مزید کمی آ رہی ہے‘۔
ریاض میں کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، زیادہ سے زیادہ لوگ روزگار کے لیے شہر کا رخ کرتے ہیں، دفتری جگہوں اور مکانات کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ سپلائی میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
آکسفورڈ اکنامکس کے مطابق ریاض میں روزگار کی سطح 2022 کے آخر تک تقریباً 5 فیصد تک جب کہ 2023 میں مزید 3 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔
نائٹ فرینک کے مطابق، دوسرے بڑے شہر جدہ میں رہائشی سیکٹر میں بھی اسی طرح کے رجحانات دیکھنے میں آئے کیونکہ 2022 کی تیسری سہ ماہی کے دوران اپارٹمنٹ اور ولا کی اوسط قیمتوں میں بالترتیب 6 فیصد اور 3 فیصد اضافہ ہوا۔
جدہ میں بھی گھروں کی فروخت کی تعداد میں 19 فیصد کی کمی دیکھی گئی جو کہ سال کی تیسری سہ ماہی میں گر کر تین ہزار 711 ڈیلز پر آ گئی۔
اس کے باوجود، نائٹ فرینک نے نوٹ کیا کہ اسی مدت کے دوران ٹرانزیکشنزکی قدر میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔