Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمیشہ ہی جوان لگنے والے شہزاد رائے آخر اپنی عمر کے بارے میں بول پڑے

ٹوئٹر پر شہزاد رائے اور صارفین کے درمیان دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آ رہا ہے (فوٹو: کٹاکٹ)
معروف پاکستانی گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے بارے میں انٹرنیٹ پر ہمیشہ ایک بات کہی جاتی ہے کہ وہ ابھی تک اپنی جوانی کے اوائل میں ہی ہیں۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد رائے اور  صارفین کے درمیان دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
منگل کے روز شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر اپنی نئی ڈسپلے پکچر (ڈی پی) لگائی۔
اس کے جواب میں ترکیہ میں پاکستانی سفارتکار ہشام احمد شہزاد رائے کے ساتھ اپنی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’اس دوران میں گنجا ہوگیا ہوں، بوڑھا ہوگیا ہوں اور مجھے کمر میں درد بھی رہتا ہے، لیکن سر آپ بالکل بھی تبدیل نہیں ہوئے، یہ کون سا جادو ہے؟‘
اس کے جواب میں شہزاد رائے لکھتے ہیں کہ ’میں 44 سال کا ہوں، 44 سال کے بہت سے لوگ ایسے ہی نظر آتے ہیں، میں کوئی ویمپائر (بُھوت) نہیں ہوں کیونکہ وہ گردن میں درد کرتے ہیں، بوڑھا ہونا تو لازم ہے لیکن بڑا ہونا اختیاری ہے۔‘
شہزاد رائے حالیہ دنوں میں آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے سفیر خیرسگالی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
شہزاد رائے کے اس ٹویٹ کے جواب میں صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
تابندہ نیازی کہتی ہیں کہ ’عمر کا آپ پر کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔‘
عدنان راجپوت نے لکھا کہ ’سر آپ گمراہ نہ کریں، آپ ہمارے اپنے بینجیمن بٹن کے کیس ہیں۔‘
جویریہ مسعود نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’شہزاد بھائی اپنے راز کبھی نہیں بتائیں گے، یہ ماہ نور بلوچ کے مردانہ رُوپ ہیں۔‘

شیئر: