مملکت کے چھ علاقوں میں جمعے تک بارش جاری رہنے کا امکان
جمعرات 15 دسمبر 2022 5:19
جمعرات سے مکہ مکرمہ ریجن میں موسم مستحکم رہے گا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعے تک مملکت کے چھ علاقوں میں بارش جاری رہنے کے امکانات ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا کہ ’ریاض، قصیم، عسیر، باحہ ، جازان اور الشرقیہ میں مختلف مقامات خصوصاً ان ریجنوں کے شمالی علاقوں میں آئندہ جمعے تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔‘
مرکز کے مطابق ’جمعرات 15 دسمبر سے مکہ مکرمہ ریجن میں موسم مستحکم رہے گا تاہم ریجن کے جنوبی مقامات کا مطلع ابرآلود ہو سکتا ہے۔‘
علاوہ ازیں سعودی موسمیات کے قومی مرکز کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر ایمن غلام نے کہا ہے کہ ’24 نومبر کو جدہ میں ہونے والی بارش غیرمعمولی تھی۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر ایمن غلام نے کہا کہ ’کوشش ہے کہ تمام اداروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اہم ترین معلومات قبل ازوقت فراہم کردی جائیں۔‘
’قومی مرکز خراب ترین موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر نئی حکمت عملی ترتیب دے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قومی مرکز گزشتہ برسوں کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں پر اثرانداز غیرمعمولی موسمیاتی حالات کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس طرح کے غیرمعمولی موسمیاتی حالات کا مقابلہ دنیا کے کئی ممالک کو ہے، سعودی عرب اس سے مستثنی نہیں ہے۔‘