بجلی کا نیا کنکشن 20 دن میں، نئی ترمیم کیا ہے؟
وزیر توانائی کی زیر صدارت اجلاس میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے( فوٹو تواصل)
سعودی حکومت نے صارفین کے لیے بجلی کی فراہمی اور نئے کنکشنز کے حوالے سے نظام میں ترمیم کی ہے۔
پانی و بجلی ادارے نے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پانی و بجلی کے ادارے نے بیان میں کہا ’نئے فیصلے کا صارفین کو فائدہ پہنچے گا اور بجلی کی فراہمی کی لاگت کم ہوگی‘۔
صارفین کو اختیار ہوگا کہ وہ بجلی کی ترسیل کی لاگت یا اس کے بدلے بجلی نیٹ ورک سے خود کو مربوط کرنے کے لیے نیٹ ورک کے اصولی جائزے، منصوبہ بندی، انجینیئرنگ اور انجینیئرز کی نگرانی کی فیس ادا کریں۔ اگر صارفین نیا طریقہ کار قبول کرتے ہیں تو ایسی صورت میں ترسیل کی لاگت کم ہوجائے گی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پانی و بجلی کے ادارے کا کہنا ہے کہ’ نئے نظام کے تحت نئی عمارتوں میں بجلی کی فراہمی کنکشن کی درخواست دیے جانے کے 20 دن کے اندر کردی جائے گی‘۔
پانی و بجلی کے ادارے نے صارفین سے کہا کہ ’نظام میں کئی ترامیم کی گئی ہیں جو مختلف زمروں سے تعلق رکھتی ہیں اس حوالے سے تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ www.wera.gov.sa پر دستیاب ہیں ہیں‘۔