سعودی عرب کی طرف سے عراق میں دہشت گرد حملے کی مذمت
اتوار 18 دسمبر 2022 23:29
ہر قسم کے تشدد کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کا عزم دہرایا ہے( فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب نے عراق میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں سیکیورٹی فورسز کو شمالی عراق میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے شہر کرکوک کے جنوب مغرب میں اتوار کو سکیورٹی اہلکاروں کے قافلے پر بم حملے میں کم از کم آٹھ عراقی وفاقی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ بم دھماکہ کرکوک سے 30 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع صفرا گاؤں کے قریب ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت نے اپنے بیان میں مملکت کی طرف سے ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کےعزم کو دہرایا ہے۔
مملکت کی جانب سے دہشت گردی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے ذرائع کو خشک کیے جانے کی تمام کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
بیان میں مرنے والوں کے اہل خانہ، عراقی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔