Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں بے روزگار شخص جوڑے کی ویڈیو بناتے پکڑا گیا، دو ماہ قید اور بیدخلی کی سزا

پرائیویسی میں خلل ڈالنے کی رپورٹ پر ایشیائی شہری کو گرفتار کیا گیا( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں بے روزگار ایشیائی شہری پڑوس میں رہائش پذیر جوڑے کی وڈیو بناتے ہوئے پکڑا گیا۔ 
عدالت نے جوڑے کی پرائیویسی کا احترام نہ کرنے کے الزام میں 26 سالہ ایشیائی شہری کو دو ماہ قید اور سزا مکمل ہونے پر امارات سے بے دخلی کا حکم دیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق پولیس اور پبلک پراسیکیوشن کی تحقیقات میں بتایا گیا کہ’ جوڑا فلیٹ میں ایک کمرے کے پارٹیشن میں رہائش پذیر ہے جبکہ پارٹیشن کے دوسرے حصے میں ایک ایشیائی قیام پذیر ہے۔
’رات کے وقت جوڑے کو لگا کہ کوئی دیکھ رہا ہے۔ پڑوسی کی نظر لکڑی کے پارٹیشن کے سوراخ کی طرف گئی جہاں موبائل متحرک نظر آیا۔ اس نے فوری طور پر موبائل سے وڈیو بنانے والے کا ہاتھ پکڑلیا۔ اس وقت تک 25 سیکنڈ کی وڈیو بناچکا تھا‘۔ 
پولیس نے پرائیویسی میں خلل ڈالنے کی رپورٹ درج ہونے پر ایشیائی شہری گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن اور عدالت کے حوالے کردیا۔ 
جوڑے کا کہنا ہے کہ’ مالی مشکلات کے باعث علیحدہ  فلیٹ کرایے پر نہیں لے سکتے تھے‘۔
دبئی میں متعدد غیرملکی کوئی ایک فلیٹ کرایے پر حاصل کرکے اس کے کمرے کرایے پر اٹھا دیتے ہیں۔
ایشیائی شہری نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ’ رات ایک بجے اس نے برابر کے کمرے میں جوڑے کی آوازیں سنیں اور وڈیو بنانے لگا۔ بدقسمتی سے پڑوسی نےمجھے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا‘۔
ایشیائی باشندے نے کہا کہ’ جوکچھ ہوا غلط ہوا۔ عدالت سے رحم کی درخواست کرتا ہوں۔ میرا مقصد پڑوسی جوڑے کی پرائیویسی میں خلل ڈالنا نہیں تھا‘۔

شیئر: