ریاض سمیت کئی علاقوں میں جمعے اور سنیچر کو بارش کا امکان
جمعرات 29 دسمبر 2022 0:00
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ بارش سے قبل گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی‘(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ جمعے اور سنیچر کو ریاض میں بارش کا امکان ہے۔ طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکزنے بیان میں کہا کہ’ ریاض شہر، الخرج، المزاحمیہ، القویعیہ، المجمعہ، الزلفی، الغات، شقرا، رماح، الدوادمی، عفیف، الافراج، وادی الدواسر اور لیلی میں موسم ابر آلود رہے گا۔‘
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ بارش سے قبل گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی جس سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔ برفباری کے بھی امکانات ہیں۔‘
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ کی میونسپلٹی نے بارش کے حوالے سے احتیاطی اقدامات بڑھا دیے۔ مکہ کے باشندوں اور زائرین کو بارش کے خطرات سے بچانے کے حوالے سے آگاہی پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے بیان میں کہا کہ’ موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے مسلسل متنبہ کیا جارہا ہے کہ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تمام افراد حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ ایسے نشیبی مقامات سے جہاں پانی جمع ہوجاتا ہے دور رہیں‘۔
تمام شہریوں،مقیم غیرملکیوں اور زائرین کو کہا گیا ہے کہ’ وہ بارش اور سیلاب کے خطرات سے بچاو کا انتظام کریں۔ برساتی نالوں اور سیلابی پانی کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ کسی بھی مشکل صورتحال سے دوچار ہوں تو 940 پر رابطہ کرکے مدد طلب کریں‘۔
’درختوں اور اشتہارات کے بورڈز کے قریب نہ جائیں۔ طوفانی ہواؤں کے دوران ان کے گرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ وادیوں کے کنارے ڈیرے نہ ڈالے جائیں۔‘