عرب نیوز کے مطابق ینبع میں ڈرائیورز ریس کے ابتدائی مرحلے کے آغاز کی تیاری کر رہے ہیں جس کا فاصلہ 11 کلومیٹر ہے۔
ریس کا باضابطہ آغاز یکم جنوری 2023 کو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ینبع شہر کے گرد ایک دائرے کے ساتھ شروع ہو گا۔
ریس العلا، حائل، الدوادمی، ریاض، حریص ،الربع الخالی، الشيبة، الھفوف سے ہوتے ہوئے دمام میں اختتام پذیر ہو گی۔
یہ 2014 کے بعد سے مخصوص مراحل کے لحاظ سے ریس کا سب سے طویل مرحلہ ہو گا۔
ریس میں حصہ لینے والی تمام گاڑیوں کو تکنیکی امتحانات سے مشروط کیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ریس کے قوانین اور حفاظتی معیارات کی تعمیل کرتی ہیں۔
ڈاکار ریلی کے اس سال کے ورژن میں 68 مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے 820 ڈرائیورز اور نیویگیٹرز شامل ہوں گے۔
ریس کی مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 455 گاڑیاں ہوں گی جن میں 125 موٹر سائیکلیں، 73 کاریں، 56 ٹرک اور 47 ہلکی صحرائی گاڑیاں شامل ہیں۔ کلاسک کیٹاگری میں کاریں اور ٹرک بھی دکھائی دیں گے۔
سعودی عرب میں مسلسل چوتھے سال ڈاکار ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
2022 کے ایڈیشن کے فاتح ناصر العطیہ (کاریں)، سیم سنڈرلینڈ (موٹر سائیکلیں)، الیگزینڈر گراؤڈ (کواڈز)، فرانسسکو لوپیز کونٹارڈو (لائٹ پروٹو ٹائپس) اور کاماز ماسٹر ٹیم (ٹرک) تھے۔