Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن اور ریاض سمیت کئی علاقوں میں مزید بارش کا امکان

تبوک ریجن، حدود شمالیہ، الجوف میں برفباری کے بھی آثار ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن اور اس کی کمشنریوں میں منگل 3 جنوری کو صبح گیارہ بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’گرج چمک کے ساتھ  بارش اور تیز ہوائیں چلیں گی۔ ژالہ باری کا بھی امکان ہے‘۔
مکہ شہر، جدہ، الجموم، بحرہ، الکامل، خلیص، عسفان، طائف، رابغ، اللیث اور الشعیبہ میں گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔
قومی مرکز نے شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ’ وہ بارش اور سیلاب کے دوران حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ کھلے مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے۔گرج چمک کے دوران موبائل کا استعمال نہ کریں۔ اپنی سلامتی کی خاطر گھروں تک ہی محدود رہیں۔ موسمی صورتحال معلوم کرنے کے لیے  اداروں کی جانب سے جاری اطلاعات اور وارننگ پر نظر رکھیں‘۔ 
علاوہ ازیں سعودی موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کارعقیل العقیل نے کہا ہے کہ ’مملکت کے مغربی، شمالی اور وسطی تین علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش اور برفباری کا امکان ہے‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ موسمیاتی تبدیلیوں کے تجزیے سے لگتا ہے کہ اس سال موسم سرما میں درجہ حرارت گزشتہ برس کے مقابلے میں بڑھا ہوا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ’ مملکت بھر میں جو موسم ہمیں نظر آرہا ہے اس کا سلسلہ اگلے ہفتے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ تبوک ریجن کے بالائی مقامات اور حدود شمالیہ نیز الجوف کے متعدد مقامات پر برفباری کے بھی آثار ہیں‘۔ 

 

شیئر: