سعودی عرب کے کس شہر میں کتنی بارش ہوئی؟
جمعرات 5 جنوری 2023 10:34
’قریہ الوسقہ میں 72.2 ملی میٹر کی بارش کی ریکارڈ کی گئی ہے‘ ( فوٹو: طقس العرب)
وزارت پانی و زراعت و ماحولیات نے کہا ہے کہ کل بدھ کو اللیث کمشنری کے الوسقہ قریئے میں سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قریہ الوسقہ میں 72.2 ملی میٹر کی بارش کی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’دوسرے نمبر پر قصیم ریجن میں عنیزہ کمشنری ہے جہاں 69 ملی میٹر کی بارش ہوئی ہے‘۔
’اسی طرح ریاض الخبرا میں 50، مدینہ منورہ کے الہجرہ مرکز میں 47.2، مدینہ منورہ شہر میں 42.2، حائل میں 30.4 جبکہ الغزالہ کمشنری میں 25 ملی میٹر کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج جمعرات کو مکہ مکرمہ ، مشرقی ریجن اور ریاض کی متعدد کمشنریوں میں بارش کا امکان ہے‘۔
ادھر روڈ سیکیورٹی فورس نے الخرمہ، المویہ، تربہ اور رنیہ کو جوڑنے والی ہائی وے کے مسافروں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ’موسلادھار بارش کے باعث سفر خطرناک ہوسکتا ہے‘۔
دریں اثنا مدینہ منورہ کے وادی عقیق کے سیلابی ریلے میں پھنس جانے والے 4 افراد کو بچالیا گیا۔