کینیڈا میں مختلف شعبوں میں ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع
کینیڈا میں بے روزگاری کی شرح میں یہ کمی چار ماہ میں چوتھی مرتبہ ہوئی ہے (فوٹو: سی بی سی)
کینیڈا میں دسمبر میں ایک لاکھ چار ہزار نوکریاں دینے کا اعلان کیا گیا اور اس طرح وہاں بے روزگاری کی شرح پانچ فیصد سے تھوڑی سی کم ہو گئی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سٹیٹکس کینیڈا نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ روزگار میں اضافہ 15 سے 24 برس کی عمر کے نوجوانوں میں ہوا ہے۔
روزگار کے یہ مواقع مختلف نجی شعبوں کے لیے ہیں جن میں تعمیرات، ٹرانسپورٹیشن اور ویئر ہاؤسنگ شامل ہیں۔
کینیڈا میں بے روزگاری کی شرح میں 0.1 فیصد کی یہ کمی چار ماہ میں چوتھی مرتبہ ہوئی ہے۔
کینیڈا میں ہونے والے لیبر فورس سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بیماری کی وجہ سے لوگوں کی کام سے غیر حاضری میں اضافہ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں کینیڈا کی وزارت دفاع نے ملک کے شہریوں کے علاوہ مستقل رہائش رکھنے والے افراد کے لیے بھی اپنی فوج میں ملازمتوں کا اعلان کیا تھا۔
کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں اسی لیے وزیر دفاع انیتا آنند نے اعلان کی ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین فوج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔
وزارت دفاع نے کہا تھا کہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس ’امیگریشن اینڈ رفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ‘ کے تحت کینیڈا میں مستقل رہائش موجود ہیں وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔
وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’کینیڈین افواج مستقل رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ فوجی کیریئر پر سنجیدگی سے غور کریں۔‘