آسٹریلوی ٹینس سٹار میکس پرسل ڈوپنگ کے الزام میں معطل
آسٹریلوی ٹینس سٹار میکس پرسل ڈوپنگ کے الزام میں معطل
پیر 23 دسمبر 2024 21:03
میکس پرسل نے ومبلڈن ڈبلز 2022 کا ٹائٹل آسٹریلوی پارٹنر کے ساتھ جیتا تھا۔ فوٹو اے پی
دو مرتبہ گرینڈ سلیم ڈبلز چیمپیئن جیتنے والے آسٹریلوی ٹینس سٹار میکس پرسل نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر اپنی مرضی سے معطلی اختیار کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی(ITIA) نے پیر کو رپورٹ میں بتایا ہے ‘ آسٹریلوی کھلاڑی نے ’ممنوعہ دوا‘ کے استعمال سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے 10 دسمبر کو عبوری معطلی کی درخواست کی تھی۔
انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عبوری معطلی کے تحت گزارا گیا وقت مستقبل کی کسی بھی پابندی کے خلاف شمار کیا جائے گا، یہ پابندی 12 دسمبر سے نافذ شمار ہو گی۔
اس معطلی کے تحت 26 سالہ ٹینس سٹار کسی بھی گورننگ باڈی یا قومی تنظیم کے ذریعہ منظور شدہ ٹینس ایونٹ میں کھیلنے، کوچنگ کرنے یا شرکت کرنے پر پابندی ہو گی۔
میکس پرسل اس معطلی کے باعث جنوری میں میلبورن پارک میں کھیلی جانے والی آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
آسٹریلوی کھلاڑی نے ومبلڈن ڈبلز 2022 کا ٹائٹل آسٹریلوی پارٹنر میٹ ایبڈن کے ساتھ جیتا تھا اور جورڈن تھامپسن کے ساتھ مل کر اسی سال یو ایس اوپن کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی نے ٹینس آسٹریلیا کے میڈیا بیان کی تصدیق کی ہے ’ یہ خلاف ورزی کسی ممنوعہ شئے کی موجودگی سے نہیں بلکہ ممنوعہ طریقہ سے متعلق ہے۔‘
ٹینس آسٹریلیا نے مزید کہا ہے ’چونکہ یہ معاملہ ابھی تحقیقات کے مراحل میں ہے، اس وقت مزید تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔‘
قبل ازیں انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی نے بین الاقوامی ٹینس سٹار اٹلی کے جانک سنر اور دنیا کی نمبر ٹو پولینڈ کی ٹینس سٹار ایگا سویٹیک پر اینٹی ڈوپنگ پروگرام کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے تھے۔
اٹلی کے سٹار کھلاڑی کو مارچ میں دو بار مزید اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ دینے کے بعد بری کر دیا گیا تھا۔ وہ اس وقت ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی طرف سے فیصلے کے خلاف اپیل کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
سویٹیک کا دل کی ممنوعہ دوا کے لیے اگست میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جب کہ ITIA نے تسلیم کیا تھا یہ خلاف ورزی غیرارادی ہے۔
دونوں ٹینس کھلاڑیوں کی توقع ہے کہ وہ 12 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں حصہ لیں گے۔