Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہیریٹج کمیشن نے 41 تاریخی عمارتوں کا اندراج کر لیا

مملکت بھر میں تاریخی مقامات دریافت کرنے کی کوشش جاری ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی ورثے کے ادارے نے کہا ہے کہ طائف کمشنری میں 41 تاریخی عمارتوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ ان میں نمایاں ترین المویہ میں واقع شاہ عبدالعزیز محل، مسجد سلیمان، مسجد عبداللہ بن عباس اور عکاظ میلہ ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق قومی ورثے کے ادارے کا کہنا ہے کہ مملکت بھر میں تاریخی مقامات دریافت کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ 41 مقامات کا تعمیری ورثے کے قومی ریکارڈ میں اندراج اسی مشن کا حصہ ہے۔ 
قومی ورثے کے ادارے کا کہنا ہے کہ جن 41 تاریخی مقامات  کا اندراج کیا گیا وہ طائف کمشنری اوراس کی تحصیلوں میں واقع ہیں۔ ان میں محل، تاریخی گھر، قریے، قلعے، عجائب گھر، مینارے، مساجد، بازار اور سکول شامل ہیں۔ 
قومی ورثے کے ادارے کے چیئرمین ڈاکٹر الجاسر الحربش نے مقامی شہریوں اور آثار قدیمہ سے دلچسپی رکھنے والوں سے اپیل کی کہ جہاں اور جب بھی ان کےعلم میں کوئی تاریخی عمارت آئے اس کی رپورٹ کریں۔
’التراث العمرانی‘ کی ویب سائٹ، وزارت ثقافت کے ماتحت سروس پلیٹ فارم یا سوشل میڈیا پر قومی ورثے کے ادارے کے اکاؤنٹس یا مملکت کے مختلف شہروں میں اس کی شاخوں کے اکاؤنٹس کے ذریعے کر سکتے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: