النماص کمشنری میں التوحید درہ چٹان کے ٹکڑے گرنے سے ٹریفک کے لیے بند
سعودی حکام نے بارش کے دوران احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا ہے( فوٹو سکرین شاٹ)
سعودی عرب کے جنوب مغربی ریجن عسیر میں المجاردۃ کمشنری اور النماص کمشنری کو جوڑنے والا التوحید درہ چٹان کے ٹکڑے گرنے کے باعث بند ہوگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت نقل و حمل نے بیان میں کہا کہ’ النماص کمشنری میں التوحید درے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’سیکیورٹی فورس کے اہلکار درے کے قریب تعینات ہیں۔ شہری اور مقیم غیر ملکی موسلا دھار بارش کے دوران دشوار گزار سڑکوں اور راستوں سے دور رہیں اور اس صورتحال میں جو احتیاطی تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں ان کا خیال رکھیں‘۔
دوسری جانب مملکت میں موسمیات کے قومی مرکز نے پیشگی انتباہ سسٹم کے ذریعے عسیر ریجن کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’عسیر ریجن میں دھند چھائی ہوئی ہے جس سے حد نظر محدود ہوگئی‘۔