Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے ایمیجینیشن پارک میں نایاب کاروں کا قصبہ دیکھیں

پارک میں موجود چند کاروں کی قیمت پانچ کروڑ سعودی ریال تک ہے (فوٹو: عرب نیوز)
کاروں کے دلدادہ افراد کو یہ بات جان کر بہت خوشی ہوگی کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع دی ایمجینیشن پارک کا ایک حصہ نایاب کاروں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پارک میں آنے والے افراد چلتے ہوئے اپنے اردگرد سپورٹس سے لے کر کلاسک اور الیکٹرانک سے لے کر موڈیفائیڈ سُپر کاریں دیکھ سکیں گے۔
یہاں موجود چند کاروں کی قیمت پانچ کروڑ سعودی ریال تک بھی ہیں جن میں بگاٹی، لیمبرگینی اور فراری شامل ہیں جبکہ مشہور سپر ہیرو بیٹ مین کے مداحوں کے لیے بیٹ موبائل بھی ہے۔
پارک میں سعودی کاروباری شخصیت عادل الرجب کی نایاب بگاٹی بھی شامل ہے جو کہ مملکت میں صرف دو افراد کے پاس ہے۔
 ایمیجینیشن پارک میں نیٹ فلکس کے چار شوز اور فلموں پر مبنی انٹرٹینمنٹ سرگرمیوں کا آپشن بھی ہے جس میں ایک سرگرمی نیٹ فلکس کے معروف شو سٹرینجر تھنگز کی ہے جہاں شرکا افسانوی قصبے ہاکنز میں سات کمروں کے ذریعے گھوم سکتے ہیں۔
یہاں کام کرنے والے علی نجم کہتے ہیں کہ ’ہم سٹرینجر تھنگز کے ایکسپیریئنس میں ہیں، یہاں مہمانوں کو شو کے سین اور جھلکیاں دکھائی جاتی ہیں اور جن لوگوں نے شو دیکھا ہے یا نہیں دیکھا انہیں سسپنس دیا جاتا ہے۔‘
اس کے علاوہ نیٹ فلکس کے شو آرمی آف دی ڈیڈ، منی ہائسٹ اور سکوئڈ گیم پر بھی تھیم بنائی گئی ہے۔
 پارک میں ایسی دکانیں بھی بنائی گئی ہیں جہاں سے فلموں اور ٹی وی شوز کے تحائف خریدے جا سکتے ہیں۔
پارک میں آںے والے افراد دنیا بھر کے لذیز کھانوں سے فوڈ ٹرک اور فوڈ پلازا میں لطف اندوز بھی ہو سکتے ہیں۔
ریاض کا ایمیجینیشن پارک 22 جنوری تک کھلا رہے گا۔

شیئر: