Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں جائیداد کی قیمتوں میں 1.6 فیصد اضافہ

رہائشی پلاٹوں کی قیمت میں بھی سہ ماہی کے لحاظ سے 0.9 فیصد اضافہ ہوا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق  مملکت میں جائیداد کی قیمتوں میں 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 2021 کی چوتھائی سہ ماہی کی مدت کے مقابلے میں اضافہ بنیادی طور پر رہائشی املاک کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں بنیادی طور پر زمین یا پلاٹ کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافے کی وجہ سے رہائشی املاک کی قیمتوں میں 2.6 فیصد اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ دیگر ذیلی شعبوں جیسے تجارتی اور زرعی رئیل سٹیٹ میں بالترتیب 0.2 فیصد اور 0.8 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی ہے جس کے نتیجے میں عمومی انڈیکس میں اضافے کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا  ہے کہ ولاز یا بڑے گھروں کی قیمتوں میں 1.7 فیصد جبکہ اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
 گزشتہ سال 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں مکانات کی قیمتوں میں سال بہ سال 0.4 فیصد کمی واقع ہوئی جب کہ رہائشی اور تجارتی عمارتوں کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

آئندہ پانچ برسوں میں ریئل سٹیٹ میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ فوٹو عرب نیوز

کمرشل پلاٹوں کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کمرشل سیکٹر میں رئیل سٹیٹ کی قیمتوں میں 0.2 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
زرعی اراضی کی قیمتوں میں 0.8 فیصد کمی کی وجہ سے زرعی رئیل سٹیٹ کے ریٹس بھی کم ہوئے ہیں۔
گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی کا مقابلہ چوتھی سہ ماہی سے کیا جائے تو سعودی عرب میں ریئل  سٹیٹ کے عمومی انڈیکس میں سال کے آخری تین مہینوں میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ رہائشی املاک کی قیمتوں میں 0.8 فیصد اضافہ ہے۔

ولاز یا بڑے گھروں کی قیمتوں میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

واضح رہے کہ زمین کے رہائشی پلاٹوں کی قیمت میں بھی سہ ماہی کے لحاظ سے 0.9 فیصد اضافہ ہوا۔
سہ ماہی بنیادوں پر ولاز یا بڑے گھروں کی قیمتوں میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں بھی چوتھی سہ ماہی میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا۔
جنوری کے شروع میں بحرین میں قائم انویسٹ کارپ کمپنی نے واضح کیا تھا کہ آئندہ پانچ برسوں میں سعودی ریئل سٹیٹ میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: