ویڈیو میں رشی سوناک چلتی کار کی پچھلی نشست پر بغیر سیٹ بیلٹ لگائے بیٹھے اپنی حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو شمالی انگلینڈ کی کاؤنٹی لنکسشائر میں ریکارڈ کی گئی جس پر مقامی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حکام ’معاملے سے آگاہ ہیں اور اس کو دیکھا جا رہا ہے۔‘
برطانوی وزیراعظم کے دفتر ڈاؤننگ سٹریٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ رشی سوناک ’مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ یہ غلطی تھی اور اس پر معافی مانگتے ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق وزیراعظم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہر کسی کو سفر کے دوران سیٹ بیلٹ لگانا چاہیے۔
’یہ اندازے کی غلطی تھی۔ انہوں نے مختصر وقت کے لیے سیٹ بیلٹ کو کلپ میں سے نکالا جس کو سب نے دیکھا لیکن وہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ غلطی تھی۔‘
برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کی سفری عادات اس وقت ملک میں زیرِ بحث ہیں جہاں اُن کے سیاسی مخالفین حالیہ دنوں میں جہاز کے ذریعے متعدد مختصر دوروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے کہا کہ ’رشی سوناک کے مہنگے پرائیویٹ جیٹ کے استعمال کی عادت سے ماحولیات اور ٹیکس دینے والوں پر بوجھ پڑ رہا ہے۔‘
تاہم وزیراعظم کے ایک ترجمان نے اُن کے فیصلے کے دفاع میں کہا کہ ’رشی سوناک سفر کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں اور یہ اس بات پر منحصر ہے کہ وہ کہاں جا رہے ہیں تاکہ برطانیہ کے مختلف حصوں تک پہنچنے کے لیے کم وقت خرچ ہو۔‘