Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل نے ایک ہی دن میں 12 ہزار افراد کو نوکریوں سے نکال دیا

الفابیٹ کو اس وقت مائیکرو سافٹ سے ٹیکنالوجی میں چیلنج کا سامنا ہے (فوٹو: روئٹرز)
مقبول سرچ انجن گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ نے کہا ہے کہ وہ 12 ہزار افراد کو نوکریوں سے فارغ کر رہی ہے جو اس میں کام کرنے والوں کی مجموعی تعداد کا چھ فیصد بنتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹیکنالوجی سیکٹر لوگوں کو نوکریوں سے نکال رہا ہے کیونکہ اس سیکٹر کا مستقبل مصنوعی ذہانت سے منسلک ہو رہا ہے۔
یہ امریکی کمپنی مصنوعی ذہانت میں لیڈر سمجھی جاتی ہے۔ لیکن الفابیٹ کو اس وقت مائیکرو سافٹ سے ٹیکنالوجی میں چیلنج کا سامنا ہے جو ورچول طور پر کوئی بھی ایسا مواد تیار کر سکتی ہے جس کے بارے میں صارفین سوچ سکتے ہیں اور ٹیکست باکس میں ٹائپ کر سکتے ہیں۔
رواں ہفتے مائیکرو سافٹ نے کہا تھا کہ اقتصاد بازاری اسے 10 ہزار نوکریاں ختم کرنے پر مجبور کر رہی ہے جو اس کمپنی میں کام کرنے والوں کی مجموعی تعداد کا پانچ فیصد بنتا ہے۔
مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے آگے بڑھائے گی۔ یہ ایسا نقطہ ہے جس کا ذکر الفابیٹ کے سی ای او سندر پیچائی نے بھی کیا ہے۔
سندر پیچائی نے 2019 میں الفابیٹ کے سی ای او کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ الفابیٹ کو گزشتہ دو برس سے ’ایک مختلف معاشی حقیقت کا سامنا ہے جب اس میں لوگوں کو بڑی تعداد میں بھرتی کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ اس عمل کی پوری ذمہ داری لیتے ہیں۔
سندر پیچائی نے کہا کہ گوگل صارفین، ڈیولپرز اور کاروبار کے لیے مکمل طور پر ایک نئے تجربے کی تیاری کر رہی ہے اور وہ مصنوعی ذہانت ہے۔

شیئر: