جدہ میں سٹوڈیو اپارٹمنٹ کے کرایے بھی بڑھنے لگے
ایک سال کے دوران 2 لاکھ 89 ہزار سٹوڈیو اپارٹمنٹ کرایے پر دیے گئے( فوٹو: مزمز)
سعودی عرب میں جدہ شہر میں 2022 کے دوران سٹوڈیو اپارٹمنٹ کا سالانہ اوسط کرایہ 21 ہزار ریال سے تجاوز کرگیا۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ میں ایک سال کے دوران 2 لاکھ 89 ہزار 400 سٹوڈیو اپارٹمنٹ کرایے پر دیئے گئے۔
وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کے ماتحت ایجار پورٹل پر کرایہ انڈیکس کے مطابق جدہ کے الشاطی محلے میں سٹوڈیو اپارٹمنٹ کا کرایہ سب سے زیادہ رہا۔ 35 ہزار سے ایک لاکھ 10 ہزار ریال تک کے سٹوڈیو اپارٹمنٹ کرایے پر دیے گئے۔
اللؤلؤ محلہ اس حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا جہاں 18ہزار سے 94 ہزار ریال تک کرایے پر سٹوڈیو اپارٹمنٹ دیے گئے۔
الرحمہ محلے میں سٹوڈیو اپارٹمنٹ کےکرایے سب سے کم رہے جو 6 ہزار سے 17 ہزار تک محدود رہے۔ اس کے بعد العماریہ محلے کا نمبر رہا جہاں 12 سے 17 ہزار ریال تک کرایہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔