سعودی عرب میں ’قاصد کبوتر‘ پالنے کا شوق، پہلا کلب قائم
سعودی عرب میں ’قاصد کبوتر‘ پالنے کا شوق، پہلا کلب قائم
جمعرات 26 جنوری 2023 0:05
سعودی عرب کے علاقے نجران میں ’قاصد کبوتر‘ کا پہلا کلب قائم ہوا ہے۔ یہاں ایک عرصے سے قاصد کبوتروں کے درمیان مقابلے ہورہے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وژن 2030 کے تحت سعودی شہریوں اور مقامی معاشرے میں روایتی شوق کی سرپرستی کی جارہی ہے۔
نجران میں قاصد کبوتروں کےدرمیان مقابلے کے پروگرام انفرادی کوششوں کا حصہ تھے۔ اب اس حوالےسے باقاعدہ کلب قائم کردیا گیا ہے۔ جس سے یہ شوق اجتماعی شکل میں فروغ پائے گا۔
کلب کے سربراہ ناصر الربیعی نے بتایا کہ ’2014 اور 2015 کے دوران نجران میں قاصد کبوترانجمن قائم کرنے کی تجویز سامنےآئی۔ یہی خیال کلب کے قیام کا باعث بنا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’قاصد کبوتروں کے مقابلے کی نگراں سعودی کمیٹی نے 2019 اور 2020 کے مقابلوں کے دوران کلب کی اصولی منظوری تجرباتی طور پر دی تھی۔ اب کلب کے باقاعدہ قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کا صدر دفتر نجران میں ہوگا‘۔
ناصرالربیعی کا کہنا ہے کہ’ نجران میں قاصد کبوتر کی افزائش بین الاقوامی رسم و رواج کے مطابق کی جارہی ہے۔ ان کے لیے دنیا بھر میں معروف کبوتر خانے تیار کیے جارہے ہیں‘۔