برف باری سے مری کے راستے متاثر: سیاحوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری
پیر 30 جنوری 2023 10:50
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
موسم سرما میں سیاحوں کے پسندیدہ مقامات میں سے ایک مری میں حالیہ برف باری نے راستوں کو متاثر کیا تو ٹریفک پولیس نے سیاحوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
سیاحت کے لیے ایبٹ آباد یا اسلام آباد کے راستے مری اور دیگر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطوں کو مدنظر رکھیں۔
سٹی ٹریفک پولیس مری کے انچارج سردار شفیق الرحمن کے مطابق ’مری اور گردونواح میں گزشتہ شب سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے اب تک ایک فٹ برف پڑھ چکی ہے۔‘
اردو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ٹریفک بھی آہستہ آہستہ چل رہی ہے۔ یہ سپیل پیر کی رات تک رہنا ہے۔‘
’برف کی وجہ سے پھسلن رہتی ہے اس لیے لازمی احتیاطوں کو ضرور اپنایا جائے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’مری سے ایوبیہ، نتھیا گلی، گلیات جانے والا راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔‘
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹریفک پولیس انچارج نے بتایا کہ ’انتظامیہ راستے کلیئر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ برف باری کے دوران احتیاطوں کو مدنظر رکھیں اور گاڑیوں کو مناسب جگہ کے بغیر پارک نہ کریں۔ شہری علاقے کی ون وے سڑکوں، سنگل لین کی پابندی اور نو پارکنگ زون کو مدنظر رکھیں۔‘
برف کے موسم میں لازمی احتیاطوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’برف باری کے دوران انتہائی احتیاط سے گاڑی چلائیں۔ گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں اور سنو چین کا استعمال کریں۔‘
ٹریفک پولیس افسر کے مطابق ’گاڑی کے شیشے بند کر کے مسلسل ہیٹر چلانے سے گریز کریں۔ ایسا کرنے کی وجہ سے کاربن مونو آکسائیڈ گاڑی میں جمع ہو کر سوار افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔‘