پانچ کے ٹولے نے چار سال ملک کو بے دردی سے لوٹا: مریم نواز
مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’پانچ کے ٹولے نے ملک کو بے دردی سے لوٹا، آج سب کے نام لوں گی، کھوسہ، ڈیم والے بابا، عمران اور اس کی دو بیساکھیوں نے ملک کو لوٹا۔ وہ سب اپنے انجام کو پہنچے۔‘
بدھ کو پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آئی ایم ایف کے معاہدے کو آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ اناڑیوں نے ملک کی معیشت پر خودکش حملہ کیا ہے۔ شکر کریں پاکستان تباہی کے دہانے سے واپس آگیا ہے۔‘
’نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ اس کے بعد آئی ایم ایف کو ملک میں لے کر کون آیا ہے۔ کھوسہ اور ڈیم والے بابا نے نواز شریف کو نہیں نکالا بلکہ غریب کے گھر سے روٹی نکالی ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات کا احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہو رہی ہے۔‘
’ملک کے پاس اب نواز شریف کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں ہے۔‘
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تین صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت تمہاری ہے اور الزام تم شہباز شریف پر لگا رہے ہو۔‘
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان نے 10 برس وہاں کے محکمہ انسداد دہشت گردی کو کیا سہولیات فراہم کیں۔ آپ نے خیبر پختونخوا حکومت کو اپنے ہیلی کاپٹر کے خرچوں کے لیے رکھا ہوا تھا۔‘
’75 سالہ تاریخ سے نواز شریف کے 9 سال نکال دو تو پیچھے کھنڈرات بچتے ہیں۔‘
مریم نواز نے نوجوانوں کو مخاطب کر کے کہا کہ ’سوشل میڈیا، فیس بک، انسٹاگرام، ٹوئٹر اور ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا کر ملک کی جنگ لڑیں اور ہمارا ساتھ دیں۔‘
انہوں نے سٹیج سے کیو آر کوڈ والا ایک بورڈ لہرا کر اسے سکین کرنے کو کہا اور بتایا کہ ’اس طرح آپ ہمارے واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو جائیں گے۔‘