شمالی علاقوں کے سکول بند، متعدد شہر کالی آندھی کی زد میں
’یہ کیفیت شام 6 بجے تک رہے گی جس کے بعد مطلع صاف ہونا شروع ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کا شمالی علاقہ آج کالی آندھی کی زد میں ہے جس کے باعث سکول بند کرنے اور تدریسی عمل کو آن لائن کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’شمالی حدود کے بیشتر علاقوں میں گرد وغبار کا طوفان ہے‘۔
’کالی آندھی سے سب سے زیادہ سکاکا، دومۃ الجندل، القریات اور طبرجل متاثر ہوں گے جہاں حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہوگی‘۔
’کالی آندھی کے اثرات سے دیگر علاقے بھی متاثر ہوں گے جہاں گرد آلود تیز ہوا چلے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’یہ کیفیت صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک رہے گی جس کے بعد مطلع صاف ہونا شروع ہوگا‘۔
دریں اثنا شمالی حدود ریجن کے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’موسمی حالات کی وجہ سے تمام سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
’آج پیر کو تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا جبکہ انتظامی عملہ بھی آن لائن ڈیوٹی دے گا‘۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’کالی آندھی سے تبوک اور حائل کے بعض علاقے بھی متاثر ہوں گے‘۔
اس انتباہ کے باعث تبوک ، الجوف اور حائل کے سکول بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔