Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، ’ٹی ٹی پی کے 12 شدت پسند ہلاک‘

آئی ایس پی آر کے مطابق شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور افغان کرنسی برآمد ہوئی (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 12 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
بدھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس کی اطلاعات پر سات اور آٹھ فروری کی درمیانی شب لکی مروت میں آپریشن کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 12 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، افغان کرنسی برآمد ہوئی۔ سکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن کر رہی ہیں۔
گذشتہ ماہ جنوری میں پشاور پولیس لائن میں ہونے والے دھماکے کے بعد پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آرمی کمانڈرز پر زور دیا تھا کہ وہ ’انٹیلیجنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی آپریشن پر نئے جذبے کے ساتھ توجہ مرکوز کریں تاکہ پائیدار امن حاصل کیا جاسکے۔‘
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو مضبوط کریں گے۔

شیئر: