Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین سپنرز کا جادو چل گیا، آسٹریلیا کو ناگپور ٹیسٹ میں اننگز کی شکست

رویندر جڈیجہ نے میچ میں 70 رنز بنائے اور سات وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 132 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کو انڈیا کے شہر ناگپور میں کھیل کے تیسرے دن آسٹریلین بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں انڈین سپنرز کے آگے بالکل بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 91 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سٹیون سمتھ 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ انڈیا کی جانب سے روی چندرن اشون نے پانچ اور محمد شامی اور رویندر جڈیجہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جڈیجہ پر امپائرز سے پوچھے بنا انگلی پر کریم لگانے پر ان کی میچ فیس کا 25 فیصد بطور جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ملا ہے۔

روی چندرن اشون نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی پہلی اننگز

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے حق میں نہیں گیا اور صرف دو رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔ مارنس لبوشین اور سٹیو سمتھ نے کچھ مزاحمت کی لیکن دونوں بالترتیب 49 اور 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لوئر آرڈر سے پیٹر ہینڈزکوب اور ایلکس کیری نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن اشون اور جڈیجہ کی گھومتی گیندوں نے آسٹریلین بیٹرز کو چکرا کر رکھ دیا اور پوری ٹیم 177 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
رویندر جڈیجہ نے پانچ اور روی چندرن اشون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے آف سپنر ٹوڈ مرفی نے سات وکٹیں اپنے نام کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کی پہلی اننگز

سپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر انڈین اوپنرز نے 76 رنز کی شراکت داری بنائی، لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا کہ انڈیا کی پانچ وکٹیں 168 رنز پر گر گئیں۔
تاہم روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری سکور کی اور 212 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 120 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
انڈین لوئر آرڈر بیٹرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور مشکل وکٹ پر بڑا سکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جڈیجہ نے بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی جلوے دکھائے اور 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کا اکشر پٹیل نے خوب ساتھ دیا، وہ 84 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے اور یوں اسے آسٹریلیا پر 223 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی۔

روہت شرما نے سینچری سکور کی اور 120 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے آف سپنر ٹوڈ مرفی نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کو یادگار بنایا اور سات وکٹیں اپنے نام کیں۔
گواسکر بارڈر ٹرافی کا دوسرا میچ 17 فروری سے نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: