Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روز روز تم جو صنم ایسا کرو گے‘، راجستھان پولیس کی میمز کے ذریعے مہم

راجھستان پولیس شہریوں کو آن لائن فراڈ سے آگاہ کرنے کے لیے مہم چلا رہی ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
انڈین ریاست راجستھان کی پولیس عوامی آگہی مہم کے لیے سوشل میڈیا پر سرگرم ہے اور دلچسپ طریقے بھی اختیار کرتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق راجھستان پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل سے نوجوانوں میں آن لائن فراڈ اور فیک سوشل میڈیا پروفائل سے متعلق آگاہی کے لیے کبھی مشہور بولی وڈ فلموں کے گانوں کا سہارا لیا جاتا ہے تو کبھی فلمی ڈائیلاگ پر مشتمل منفرد میمز شیئر کی جاتی ہیں۔
رواں ہفتے نوجوانوں کو ویلنٹائن ویک کے دوران جعلی سوشل میڈیا پروفائلز کے ذریعے فراڈ سے نشانہ بننے سے بچانے کے لیے راجھستان پولیس نے مزاحیہ میمز اور پوسٹ بنائی ہیں۔
نو فروری کو ’چاکلیٹ ڈے‘ کے موقع پر بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا پوسٹر پولیس کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا۔
اس پوسٹر کے ساتھ ’ڈیجیٹل چاکلیٹ‘ فراڈ سے بچنے کے لیے کیپشن لکھا گیا کہ ’جہاں پناہ، تُسی گریٹ ہو، چاکلیٹ قبول کرو‘۔
پولیس کے مطابق اس طرح کے پوسٹر اور پوسٹ کے ذریعے نوجوانوں کو بتایا جاتا ہے کہ وہ سائبر سکیورٹی کو یقینی بنائیں تب یہاں ’سب کچھ ٹھیک ہے۔‘

راجھستان پولیس نوجوانوں میں آن لائن فراڈ سے متعلق آگاہی کے لیے مشہور بولی وڈ فلموں کے گانوں کا سہارا لیتی ہے۔ (فائل فوٹو: پکسابے)

شہریوں کو اپنی ذاتی معلومات یا او ٹی پی نمبر کسی کے ساتھ واٹس ایپ پر شیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کرنے کے حوالے سے بھی پوسٹ شیئر کی گئی۔ سات فروری کو ’روز ڈے‘ کے موقع پر پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل سے دو شہریوں کی واٹس ایپ چیٹ شیئر کی گئی جس میں ایک شہری اپنے ساتھ آن لائن فراڈ کے بارے میں بتا رہا ہے۔
اس پوسٹ کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’روز روز تم جو صنم ایسا کرو گے، پیسے لٹ جائیں گئے تو آہیں بھرو گے۔‘
اسی طرح پولیس نے لڑکیوں کو سوشل میڈیا کی فیک آئی ڈیز کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے پوسٹ کیا کہ ’کل آج کل، کبھی بھی آ سکتا ہے فیک پروپوزل۔‘
پولیس کی ٹینیکل سروس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سنیل دت نے بتایا کہ سائبر مجرموں کے منصوبوں کو سبوتاژ کیا جا سکتا ہے اگر عوام میں اس حوالے سے آگاہی موجود ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ویلنٹائن ویک کو سائبر کرائم سے منسلک کرنا بھی اسی سمت میں ایک کوشش ہے۔

شیئر: