سعودی عرب سے نواں امدادی طیارہ حلب روانہ
’حلب روانہ ہونے والے طیارے میں 35 ٹن غذائی اور طبی امدادی سامان ہے‘ (فوٹو: واس)
زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے سعودی عرب سے نواں طیارہ شامی شہر حلب روانہ ہوگیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق طیارے میں 35 ٹن غذائی اور طبی امدادی سامان ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے لیے فضائی پل قائم ہے۔
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’طیارے میں مختلف قسم کا خشک راشن، ابتدائی طبی امداد کے آلات، خیمے اور کمبل کے علاوہ امدادی کارکنوں کے لیے اوزار شامل ہیں‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سعودی فضائی پل کے تحت یہ دوسرا طیارہ ہے جو حلب انٹر نیشنل ایئرپورٹ روانہ کیا گیا ہے‘۔