ڈان لیک کا فیصلہ کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا، خالد اكرم رانا
ریاض (ذکاءاللہ محسن)مسلم لیگ نون ریاض ریجن کے صدر خالد اكرم رانا کا کہنا ہے کہ ڈان لیک کا فیصلہ کمیشن کی مقرر کردہ سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت اور عسکری قیادت نے نیک نیتی کے ساتھ معاملات کو حل کرکے تاریخ رقم کی ہے مگر بعض سیاستدان اور ائیرکنڈیشنڈ روم میں بیٹھے چند افراد ڈان لیکس کے فیصلے کو سوشل میڈیا اور نیوز چینلز پر بیٹھ کر فیصلے کو نہ صرف متنازعہ بنا رہے ہیں بلکہ اپنی پسند کا فیصلہ چاہتے ہیں۔ ملکی صورتحال کو دیکھا جائے تو ملک کے اندر ضرب عضب اور ردالفساد کے آپریشن کامیابی سے جاری ہیں جس میں دہشت گردوں کا صفایا ممکن ہوا ہے۔ اس میں ہمارے بہادر فوجی جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔ ان کی قربانی کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔مشکل حالات کے باوجود پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچ رہا ہے۔ایران اور افغانستان انڈیا کی ایما پر پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس نازک صورت حال میں قوم کو متحد ہونا چاہئے تاکہ دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔