ریاض۔۔۔۔ہندوستانی حکام نے معروف مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کی گرفتاری کیلئے انٹر پول کو درخواست دیدی۔سی بی آئی نے اپنی یادداشت میں تحریر کیا ہے کہ 51سالہ نائک اپنے اداروں اور دینی سیٹلائٹ چینلز کے ذریعے ناجائز آمدنی اور منی لانڈرنگ کے امور میں ملوث ہیں۔ سی بی آئی نے نائک پر دہشتگردی کے الزامات بھی عائد کئے ہیں۔سی بی آئی کا کہنا ہے کہ ذاکر نائک عدالت سے مفرور ہیں۔ دنیا کا ہر ملک انہیں فی الفور ہندوستان کے حوالے کرنے کا پابند ہے۔ انہیں ضمانت پر بھی رہا نہیں کیا جاسکتا۔ہندوستانی حکام نے اگست میں ذکر نائک پر الزام لگایا تھا کہ وہ لوگوں کو دہشتگردی پر اکسا رہے ہیں اور دینی تقریروں اور سیٹلائٹ چینلز کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے رہے ہیں۔نائک گرفتاری کے خدشے سے رمضان کے بعد سے ہندوستانی واپس نہیں گئے۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ میرے موکل پر دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات غلط ہیں۔ ماضی میں بنگلہ دیشی حکومت بھی اس قسم کے الزامات لگا چکی ہے اور ہندوستان سے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کرچکے ہیں۔