مملکت کے بیشتر علاقوں میں اتوار سے بدھ تک موسم غیر مستحکم، بارش کا امکان
اتوار 26 فروری 2023 18:36
شہری دفاع نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا ہے( فوٹو: عاجل)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ’ اتوار سے بدھ تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہے گا۔ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں‘۔
عاجل ویب کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ’ ریاض ریجن میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
’ضرما اور الخرج سمیت سات کمشنریاں بارش سے متاثر ہوں گی جبکہ مکہ ریجن میں الجموم اور مکہ شہر سمیت سات کمشنریوں میں بارش کا امکان ہے‘۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ بدھ تک بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی۔ کہیں درمیانے اور کہیں موسلا دھار بار ش کا امکان ہے۔ طائف، میسان، اضم اور العرضیات میں سیلاب کا خطرہ ہے‘۔
عسیر ریجن میں کی بارہ کشمنریوں میں بارش اور سیلاب کا خطرہ ہے۔ جازان، باحہ اور نجران میں متعدد مقامات بارش کی زد میں رہیں گے۔ جدہ، اللیث، قنفذہ اور خلیص میں بھی بارش متوقع ہے۔
شہری دفاع نے شہریوں اور غیر ملکیو ں سے کہا کہ ’وہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں اور بارش سے بھرے پانی میں تیراکی کا خطرہ مول نہ لیں‘۔