شاہ سلمان کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس، متعدد امور پر غور
’کابینہ نے متعدد اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیا اور مزید بہتری کے لیے ہدایات دی ہیں‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں متعدد اہم مقامی اور بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض میں قصر عرقہ میں ہونے والے اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کوسٹاریکا کے صدر کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام کے متعلق ارکان کو آگاہ کیا جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
بعد ازاں سعودی وزرا کے دوروں اور ملاقاتوں کے نتائج سے متعلق ارکان کو بریفنگ دی گئی۔
کابینہ نے کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کابینہ کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون سے متعلق ہونے والی یادداشت کو آگے بڑھانے کے لیے وزیر تعلیم کو ذمہ داری تفویض کی گئی۔
کابینہ نے عراق کے ساتھ ایٹمی اور مضر شعاعوں سے بچنے کے لیے ہونے والے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ ادارے کو بھی ذمہ داری تفویض کی ہے۔
کابینہ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پیش کی جانے والی سٹراٹیجی کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں نجی شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینے والے ادارے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے اس کی تنظیم نو کی ہدایت کی گئی۔
کابینہ نے جدول کے مطابق متعدد اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیا اور اس کی مزید بہتری کے لیے ہدایات دی ہیں۔