ریاض میں عطیات جمع کرنے پر پابندی کی خلاف ورزی، امام مسجد زیر حراست
تفتیشی ٹیموں نے تمام ثبوتوں کے ساتھ قانونی کارروائی کی ہے ( فائل فوٹو: سبق)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کی تفتیشی ٹیموں نے مشرقی ریاض میں امدادی سامان اور عطیات جمع کرنے پر پابندی کی خلاف ورزی پر جامع مسجد کے ایک امام کو حراست میں لیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق جامع مسجد کے امام نے امدادی اشیا جمع کرنے کے لیے مسجد کے احاطے میں ایک سائبان لگا رکھا تھا۔
وزارت کی جانب سے مساجد کے آئمہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ عطیات اور امدادی سامان کسی بھی عنوان سے جمع نہ کریں۔ یہ کام متعلقہ اداروں کا ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’تفتیشی ٹیموں نے خلاف ورزی پر تمام ثبوتوں کے ساتھ قانونی کارروائی کی ہے۔‘
وزارات نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ ’وہ امدادی سامان اورعطیات پر پابندی یقینی بنانے میں تعاون کریں۔ اگر ان کےعلم میں کوئی خلاف ورزی آئے تو اس کی اطلاع دی جائے۔‘