اٹلی: مافیا باس نے جیل میں گارڈ کی اُنگلی کھا لی
فنارا کا تعلق اٹلی کے بدنام زمانہ کوسا نوسٹرا قبیلے سے ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اٹلی کی جیل میں عمر قید کی سزا بھگتنے والے ایک سسلین مافیا باس نے جھڑپ کے دوران جیل گارڈ کی انگلی نگل لی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ایک اطالوی نیوز رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 60 سالہ جیسپی فنارا اٹلی کے شہر روم کی ریببیہ جیل میں قید ہیں۔ انہوں نے جون میں سات محافظوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ان کے سیل کا معائنہ کرنے آئے تھے۔
فنارا کا تعلق اٹلی کے شہر سسلی میں موجود بدنام زمانہ کوسا نوسٹرا قبیلے سے ہے۔ ان کی سزا کو نو سال گزرے تھے جو کہ اٹلی کے سخت قانون 41 بس پینل کوڈ کے تحت دی گئی یہ قانون مافیا کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
خبر کے مطابق جس جگہ تکرار ہوئی وہاں سے انگلی نہیں ملی جس کے نتیجے میں روم کے ایک پراسیکیوٹر نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اسے کھا لیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق فنارا نے جھاڑو کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے چھ مزید قیدیوں کو چلاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں تمھارا گلہ کاٹ دوں گا‘۔
اس واقعے کے بعد فنارا کو سارڈینیا کی سخت سکیورٹی والی جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ان پر گرفتاری پر مزاحمت کے ساتھ حملہ کرنے کا چارج بھی لگا دیا گیا ہے۔
اس سے قبل سال کے شروع میں اٹلی نے کچھ بزرگ اور چھوٹے جرائم پیشہ مافیا مالکان کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس سے کافی شور شرابے نے جنم لیا تھا اور وزارت انصاف کو فیصلے پر نظر ثانی کے لیے مجبور ہو گئی تھی۔