سعودی عرب اور کوریا میں سرمایہ کاری میں شراکت کے مواقع پر تبادلہ خیال
سعودی وزیر سرمایہ کاری سے کوریا کی وزیر نے ریاض میں ملاقات کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور جنوبی کوریا نے کاروبار کو فروغ دینے اور اختراع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے جنوبی کوریا کی وزیر برائے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اور سٹارٹ اپس کے وزیر لی ینگ سے ریاض میں ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں وزرا نے جنوبی کوریا کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززکو مملکت میں داخل کرنے کے علاوہ سرمایہ کاری کی شراکت کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
کورین وفد کے دورہ سعودی عرب کے دوران مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے جن کا مقصد سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو سپورٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری افراد کو میدان میں آنے کے قابل بنانا ہے۔
یہ مفاہمت نامے صحت اور زرعی ٹیکنالوجیز، سمارٹ شہروں کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل آٹومائزیشن، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت، ڈیجیٹل مواد اور روبوٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد کریں گے۔
ریاض میں انٹرپرینیورشپ کانفرنس بیبان 2023 کے موقع پر عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں لی ینگ نے کہا کہ ’وہ پر امید ہیں کہ سعودی عرب کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات ان کے ملک میں کاروباری اداروں کو عالمی منڈی میں داخل ہونے کی ترغیب دیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگرچہ ہمارے پاس متعدد سٹارٹ اپس ہیں ان میں سے زیادہ تر کی توجہ مقامی مارکیٹ پر ہے‘۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور 2022 میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا تاکہ بڑے پیمانے پر کمپنیوں، ایس ایم ایز اور اور سٹارٹ اپ کے حوالے سے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے جائیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اپنی تنوع کی حکمت عملی اور وژن 2030 میں بیان کردہ اہداف کے مطابق متعدد ممالک کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے مارچ کے آغاز میں قبرص کے سابق صدر سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
خالد الفالح نے قبرص کے وزیر خزانہ سے بھی ملاقات کی اور ایک فریم ورک تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
سعودی عرب نے مارچ میں بلغاریہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں عمومی تعاون کو نافذ کرنے کے لیے’ سعودی بلغاریہ مشترکہ کمیٹی‘ کے قیام کے لیے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے۔
مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع بڑھانے کے لیے کام کرے گی۔