تبوک میں ہائیکنگ کے لیے چھ روزہ جدید تربیتی پروگرام
تبوک میں ہائیکنگ کے لیے چھ روزہ جدید تربیتی پروگرام
پیر 20 مارچ 2023 18:16
جسمانی فٹنس کے لیے ہائیکنگ کھیل کے ساتھ ساتھ مقبول مشغلہ بنتا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے شمال مغربی شہر تبوک میں حال ہی میں ہائیکنگ کا چھ روزہ ایڈوانس ٹریننگ کورس ترتیب دیا گیاجس کا مقصد علاقے کی مخصوص قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تربیتی پروگرام کا اہتمام سعودی کوہ پیمائی اور ہائیکنگ فیڈریشن نے وزارت کھیل کی نگرانی میں کیا۔
سعودی کلائمبنگ اینڈ ہائیکنگ فیڈریشن(ایس سی ایچ ایف) سے ہائیکنگ گائیڈ لائسنس حاصل کرنے کے لیے ایڈوانس ٹریننگ کورس خاص شرط ہے۔
ہائیکنگ کوچ اور لیکچرر علی المالکی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں نوجوانوں کے علاوہ ریٹائر ہونے والے افراد کے لیے بھی جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لیے ہائیکنگ کھیل کے ساتھ ساتھ مقبول مشغلہ بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً تمام سعودی شہروں میں ہائیکنگ ٹیمیں موجود ہیں جن کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
المالکی نے کہا کہ کنگ خالد سپورٹس سٹی میں منعقد ہونے والے ہائیکنگ کورس کے تین دن تھیوری پر مرکوز تھے جب کہ تین دن عملی تربیت کے لیے وقف کئے گئے تھے۔
المالکی نے بتایا کہ ہائیکنگ کے لیے تبوک کو پرکشش قدرتی خطوں اور خوبصورت چٹانوں کے باعث منتخب کیا گیا ہے، یہ علاقہ اس طرح کی قدرتی خصوصیات سے مالا مال ہے۔
اس علاقے نے حال ہی میں یہاں آنے والے سیاحوں کو انتہائی متاثر کیا جو حیرت انگیز چٹانوں، آبشاروں اور ندیوں کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔
اس تمام عمل میں حفاظتی اقدامات اور صحت سے متعلق رہنما اصولوں سے خصوصی طور پر متعارف کرایا گیا اور ہائیکنگ کی تربیت حاصل کرنے والوں کو لائسنس دئیے جائیں گے۔
کورس کے شرکاء کو نیوی گیشن کا سامان، کمپاس اور نقشے کا استعمال، ماحول کو سمجھنا، ہائیکنگ کے موقع پر کسی قسم کے خطرے کا سامنا کرنا بھی سکھایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنا اور اس سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی کرنا بھی شامل ہے۔
آخر میں علی المالکی نے بتایا کہ ہائیکنگ کے تربیتی کورس کا اہتمام تبوک کے شمال مغربی علاقے بجدہ میں کیا گیا جہاں پر مخصوص قسم کی سرخ ریت کے ٹیلے اور بے شمار دیدہ زیب چٹانیں ہیں۔