سعودی عرب میں رمضان کے دوران ڈیری مصنوعات کی طلب بڑھ گئی
یومیہ 70 لاکھ لٹر سے زیادہ دودھ استعمال کیا جارہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں رمضان کے دوران ڈیری مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہوگیا۔ کھانے پینے کی اشیا میں دودھ کا استعمال بڑھنے سے یومیہ 70 لاکھ لٹر سے زیادہ دودھ خرچ کیا جارہا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نصف صدی سے کم عرصے کے دوران ڈیری مصنوعات میں خودکفیل ہوگیا۔ سعودی عرب زیادہ ڈیری مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔
سعودی ڈیری مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں نے سائنٹیفک بنیادوں پر بین الاقوامی معیار کی پابندی کرتے ہوئے ڈیری مصنوعات برآمد کرنے میں کلیدی کردارادا کیا۔
سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل میں ڈیری مصنوعات تیار کرنے والے سرمایہ کاروں کی قومی کمیٹی کے اعدادوشمار کے مطابق رمضان کے دوران ڈیری مصنوعات کے استعمال میں پندرہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مملکت میں روزانہ 70لاکھ لٹر سے زیادہ دودھ تیار کیا جارہا ہے۔ 18 ملین سے زیادہ دودھ کے پیکٹ تیار ہوتے ہیں۔ 10 ہزار سے زیادہ ٹرک یومیہ کی بنیاد پر دودھ اور ڈیری مصنوعات تقسیم کررہے ہیں۔
ریٹیل میں ڈیری مصنوعات فروخت کرنے والے تجارتی مراکز کی تعداد 38 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
ڈیری مصنوعات والی کمپنیوں میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد دس ہزار 500 تک پہنچ چکی ہے۔ ان کمپنیوں میں 7 ارب ریال سے زیادہ کا سرمایہ لگا ہوا ہے۔