شاہ رخ خان کی بیٹی اُن کا کس بات پر مذاق اُڑاتی تھیں؟
سہانا خان اپنے فلمی کیریئر کا آغاز ہدایتکار زویا اختر کی فلم ’دی آرچیز‘ سے کریں گی۔ فائل فوٹو
بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان اپنے بچوں کے بارے میں اکثر میڈیا میں انکشافات کرتے رہتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز نے کنگ خان کے سنہ 2015 میں دیے گئے انٹرویو کو یاد کیا ہے جس میں شاہ رخ خان نے انکشاف کیا تھا کہ اُن کی بیٹی سہانا خان ان کا مذاق اڑاتی تھیں۔
شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ سہانا خان ان کا مذاق اڑاتی تھیں اور بتاتی تھیں کہ ان کا چلنے کا انداز ایسا ہے جس سے سب انہیں آسانی سے پہچان لیتے ہیں۔
سنہ 2015 میں شاہ رخ خان نے انڈیا ٹوڈے کو اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میری بیٹی میرا مذاق اڑاتی ہے۔ مجھے ٹوئٹر والوں نے ایک ہُوڈی دیا ہوا ہے بڑا سا۔ میں وہ پہن لیتا ہوں، وہ پہن کر میں باہر جاتا ہوں اور میری بیٹی ہنستی رہتی ہے۔ میں اسے کہتا ہوں کیوں؟ میں اس کے ساتھ سات مرتبہ باہر جا چکا ہوں اور ہر بار یہ بولتا ہوں بیٹا میں نے یہ پہنا ہوا ہے، کچھ نہیں ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے جواب میں وہ کہتی ہے کہ پاپا آپ کے چلنے سے پتا چل جاتا ہے اور سچ بتاؤں تو ہر سات بار میں نے گاڑی کھولی تو لوگوں نے بولا ’وہ دیکھ شاہ رخ خان‘ اور مجھے وہاں سے بھاگنا پڑا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’تو جو بہت ذاتی زندگی ہے اس میں ضرور ایسا ہے کہ بچوں کے ساتھ جانا ممکن نہیں ہوتا ہے لیکن یہ بھی بتاؤں کہ جو مجھے سٹارڈم کی وجہ سے ملا ہے اور میں سالوں سے یہ کھل کر کہہ رہا ہوں، مجھے اگر کہا جائے کہ پھر سے سب لے لیا جائے گا اور یہ ملے گا تو میں کہوں گا میں یہی زندگی جیوں گا۔‘
شاہ رخ خان اور گوری خان کی شادی سنہ 1991 میں ہوئی تھی جس کے بعد ان کے ہاں سنہ 1997 میں آریان خان کی صورت میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی اور پھر 2000 سہانا خان پیدا ہوئیں۔
سنہ 2013 میں ان کے ہاں تیسرے بچے ابرام خان کی سروگیسی کے ذریعے پیدائش ہوئی۔
دوسری جانب سہانا خان اپنے فلمی کیریئر کا آغاز ہدایتکار زویا اختر کی فلم ’دی آرچیز‘ سے کریں گی۔ یہ فلم آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔
دی آرچیز 2023 میں ریلیز ہونے والی انڈین فلم ہے جو کہ آرچیز کامکس سیریز کے نام سے مشہور کامکس کا ریمیک ہے۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بالی وُڈ ستاروں کے بچے اداکاری کر رہے ہیں۔
دی آرچیز میں سہانا خان، امیتابھ بچن کے نواسے اگسٹیا نندا، سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور اپنے کیریئر کا ڈیبیو کر رہے ہیں۔