سعودی ایجنسی نے انڈونیشیا میں 16 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹس تقسیم کیں
اس انیشیٹو سے ایک ہزار 600 افراد یا 400 خاندانوں نے فائدہ اٹھایا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی انڈونیشیا اور نائیجریا میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے انڈونیشیا کے مغربی جاوا صوبے کے بانڈونگ شہر میں فوڈ باسکٹ پروجیکٹ کے حصے کے طور پر 16 ٹن اور 480 کلوگرام سے زیادہ فوڈ باسکٹس تقسیم کیں۔اس انیشیٹو سے تقریبا ایک ہزار 600 افراد یا 400 خاندانوں نے فائدہ اٹھایا۔
اس پروگرام کے ذریعے چھ ہزار 687 فوڈ باسکٹس تقسیم کی جائیں گی جو جکارتہ، مغربی جاوا، بینٹین اور وسطی جاوا کے صوبوں میں 33 ہزار 435 افراد کی مدد کرے گا۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک ہزار 200 افراد کی فوڈ سکیورٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نائجیریا کی کانو ریاست میں 11 ٹن اور 780 کلو گرام وزنی فوڈ باسکٹس تقسیم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔