سعودی عرب میں ورک وزٹ ویزے پر کب تک قیام کر سکتے ہیں؟
سعودی عرب میں ورک وزٹ ویزے پر کب تک قیام کر سکتے ہیں؟
پیر 10 اپریل 2023 0:02
ویزے کی مدت کا حساب مملکت آمد کے دن سے کیا جاتا ہے( فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی عرب میں وزٹ ویزے دوطرح کے جاری کیے جاتے ہیں۔ سنگل انٹری ویزے کی انتہائی مدت 6 ماہ جبکہ ملٹی انٹری ویزے ایک برس کے لیے کارآمد ہوتے ہیں۔
امیگریشن قوانین کے مطابق یہ لازمی ہے کہ وزٹ ویزے پرآنے والے وقت مقررہ پر مملکت سے نکل جائیں بصورت دیگر ان کے خلاف ویزا ایکسپائری کی خلاف ورزی درج کی جاتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹر پر ایک خاتون نے دریافت کیا ’ اسٹوڈنٹ ویزے پر مملکت میں مقیم ہوں۔ خروج نہائی پرجارہی ہوں، معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا مجھے یہاں سے اپنے ملک ہی جانا ہوگا یا کہیں اور یعنی کسی دوسرے ملک بھی جاسکتی ہوں؟‘۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی پرجانے والوں کےلیے اس قسم کی کوئی پابندی نہیں کہ وہ صرف اپنے ہی ملک جائیں۔ مملکت سے فائنل ایگزٹ پرجاتے وقت جس ملک میں جانا ہووہاں کا ویزا ہونا ضروری ہے باقی کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جاتی‘۔
واضح رہے عام طورپرمملکت سے فائنل ایگزٹ پرجانے والے افراد اپنے ملک ہی جاتے ہیں تاہم قانون کے مطابق اس حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہوتی کہ انہیں صرف اپنے ملک ہی جانا ہے مگراس صورت میں جب غیرملکی اقامہ ہولڈرآوٹ پاس پرسفرکررہا ہویا اسے کسی جرم میں ڈی پورٹ کیا گیا ہو اس صورت میں وہ کسی دوسرے ملک نہیں جاسکتا۔
ورک وزٹ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا ’ورک وزٹ ویزے پر مملکت پہنچا تھا، ویزے کی مدت 90 دن ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ ویزے کی مدت کا حساب یعنی 90 دن کی گنتی کب سے شروع ہوگی؟‘۔
جوازات کا کہنا تھا کہ ’امیگریشن قوانین کے مطابق ورک وزٹ ویزے کی مدت جو کہ 90 روزہ ہوتی ہے کا حساب جس دن سے مملکت میں داخل ہوتے ہیں اس روز سے کیا جاتا ہے‘۔
واضح رہے ورک وزٹ ویزے دوطرح کے ہوتے ہیں جن میں عام ورک ویزٹ ویزے وہ ایسے ہنرمند افراد کے لیے جاری کیے جاتے ہیں جن کی ضرورت کسی تجارتی یا صنعتی ادارے کوہوتی ہے۔ یہ ویزے کسی بھی وقت جاری کرائے جاسکتے ہیں۔
اس ویزے کی مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے تاہم یہ توسیع کام کی نوعیت اورمملکت میں موجود آجر کی ضرورت کومدنظر رکھتے ہوئے کی جاتی ہے۔
ورک وزٹ ویزے کی دوسری قسم سیزن ویزے کی ہوتی ہے یہ ویزے حج سیزن میں عارضی بنیادوں پرجاری کیے جاتے ہیں جوماہ رمضان کے بعد جاری ہوتے ہیں۔
ان ویزوں پربلائے جانے والے افراد حج سیزن کے دوران عازمین حج کےلیے مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو جاری کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے زیرانتظام آنے والے عازمین حج کی خدمات کےلیے بہترطورپرافرادی خدمت مہیا کرسکیں۔ حج سیزن کے لیے جاری ہونے والے ویزوں پرآنے والے افراد میں زیادہ ترڈرائیور، عام کارکن ، باورچی ، الیکٹریشن اوردیگرفنی ماہرین شامل ہیں,
ان ویزے پرآنے والوں کو حج سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی واپس جانا ہوتا ہے۔