Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی عطیات مہم : شاہ سلمان اور ولی عہد کی جانب سے 70 ملین ریال کا عطیہ

عطیات مہم کا آغاز رمضان  کے آخری عشرے کی آمد پر کیا جارہا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت نے فلاحی کاموں کے لیے قومی عطیات مہم کا آغاز 70 ملین ریال کے عطیات سے کیا ہے۔
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 40 ملین ریال اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے30 ملین ریال دیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فلاحی خدمات کے قومی پلیٹ فارم ’احسان‘ کے ایگزیکٹیو چیئرمین ابراہیم الحسینی نے بتایا کہ ’عطیات مہم کا آغاز رمضان  کے آخری عشرے کی آمد پر کیا جارہا ہے‘۔
’اس دوران افراد، کمپنیوں، بینکوں، مخیر شخصیات اورامیر افراد سے عطیات وصول کیے جائیں گے‘۔
ابراہیم الحسینی نے کہا کہ ’عطیات مہم کا مقصد سعودی وژن  2030 کے اہداف کے حصول کی خاطر سماجی ہم آہنگی اور اعانت کے کلچر کو فروغ دینا ہے‘۔
’اس کا مقصد سماجی منصوبوں کو فروغ دینا، انسانی مسائل حل کرنا اور معاشرے کے افراد کو معتبر اداروں کے یہاں عطیات جمع کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں احسان پلیٹ فارم عطیات وصول کرنے والا سب سے بڑا معتبر ادارہ ہے۔ 
 فلاحی خدمات کی قومی مہم کی نگرانی 12 سرکاری ادارے کررہے ہیں۔ ایک شریعت کمیٹی قائم کی گئی ہے جو احسان پلیٹ فارم کی سرگرمیوں کو اسلامی شریعت کے ضوابط کے دائرے میں رکھنے کا اہتمام کراتی ہے۔
احسان پلیٹ فارم تین ارب 300 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات 4.8 ملین سے زیادہ ضرورت مندوں تک پہنچانے میں کامیاب رہا ہے۔

شیئر: