عائشہ عمر کے رشتے کے بارے میں افواہیں، ’وہ سکندر رضوی نہیں‘
بدھ 12 اپریل 2023 18:57
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ انہیں آٹھ سال لگے اس رشتے سے جان چھُڑانے میں۔ (فائل فوٹو: عائشہ عمر/انسٹاگرام)
کچھ روز قبل پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ ماضی میں ایک شخص کے ساتھ رشتے میں تھی لیکن اس تعلق میں جسمانی تشدد کے سبب انہوں نے یہ رشتہ ختم کردیا۔
فریحہ الطاف کو دیے گئے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر اس شخص کے حوالے سے افواہیں گردش کر رہیں تھیں اور لوگوں کی جانب سے مختلف نام سامنے آ رہے تھے۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکار سکندر رضوی کا بھی نام لیا گیا کیونکہ عائشہ عمر کچھ سالوں پہلے اکثر ان کے ساتھ نظر آیا کرتی تھیں۔
یہ افواہیں اتنی بڑھ گئیں کہ عائشہ عمر کو وضاحت جاری کرنی پڑی۔ اپنی انسٹاگرام سٹوری میں انہوں نے لکھا کہ ’وضاحت کر رہی ہوں کہ میں نے فریحہ الطاف کے ساتھ پوڈکاسٹ میں جس فرد کا ذکر کیا تھا وہ سکندر رضوی بالکل نہیں ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ شخص خاندانی دوست تھا جس کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں۔ برائے مہربانی اس سے سکندر یا ان کے خاندان کو نہ جوڑیں۔‘
خیال رہے دو روز قبل عائشہ عمر نے ماضی کے ایک رشتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میری تقریباً اس سے شادی ہی ہوگئی تھی۔ لوگ اکثر پوچھتے ہیں کہ کیا اب تک آپ کی منگنی بھی نہیں ہوئی؟ میں انہیں کہتی ہوں کہ وہ خاندانی معاملہ تھا اور بات بھی پکی ہوگئی تھی۔‘
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ معاملے پر مزید بات نہیں کرنا چاہتیں۔ ’مجھے اس رشتے سے پیچھا چھڑانے میں بہت عرصہ لگا کیونکہ مجھے لگا کہ وہ ٹھیک ہوجائے گا اور میں اُسے کسی طرح ٹھیک کرلوں گی۔‘
’آٹھ سال بعد بھی جب سب ٹھیک نہیں ہوا، اس رشتے میں جسمانی تشدد بھی تھا تو میں اُس رشتے سے باہر نکل آئی۔‘