Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کو حج پرمٹ کی آخری قسط 30 اپریل تک ادا کرنا ہوگی 

وزارت کا کہنا ہے آخری قسط پیکیج کی کل رقم کا چالیس فیصد ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’اندرون مملکت سے حج کی بکنگ کرانے والے عازمین کو پیکیج کی آخری قسط 30 اپریل (10 شوال) تک جمع کرانا ہوگی۔ یہ آخری تاریخ ہے۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ ’آخری قسط پیکیج کی کل رقم کا چالیس فیصد ہے۔‘
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ ’پیکیج کی تمام قسطیں جمع کرانے پر بکنگ فائنل ہوگی۔ اگر تمام قسطیں جمع نہیں ہوں گی تو ایسی صورت میں بکنگ منسوخ کر دی جائے گی۔‘
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے اس سال پہلی مرتبہ داخلی عازمین کو حج پیکیج کی تمام رقم یک مشت یا قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دی ہے۔
پہلی قسط رقم کا 20 فیصد بکنگ کی تاریخ کے 72 گھنٹے کے اندر، دوسری اور تیسری قسط 40 فیصد ہے۔ 
وزارت حج نے اس سے قبل کہا تھا کہ ’وہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی جو پانچ برس قبل حج کر چکے ہوں اور ان کی عمر 12برس سے کم نہ ہو۔ ان کی قومی شناخت یا اقامہ کم از کم ذی الحجہ کے آخر تک موثر ہو اس سال حج کے لیے بکنگ کراسکتے ہیں۔‘
حج درخواست دینے والوں کا متعدی امراض سے پاک ہونا ضروری ہے۔ 
وزارت حج کا کہنا ہے کہ ’داخلی عازمین کے حج پرمٹ پانچ مئی 2030 ( 15 شوال 1444ھ ) سے جاری کیے جائیں گے۔‘

شیئر: