Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راجستھان میں کورین وی لاگر کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزم دماغی طور پر بیمار ہے‘ (فوٹو: ویڈیو سکرین شاٹ)
انڈین ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور میں پولیس نے کورین خاتون سیاح کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک انڈین نوجوان کو کورین خاتون کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو کہ اپنی ویڈیو بنا رہی تھیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈین شخص نے کورین خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا جس کے بعد سیاح خاتون نہ صرف چیخیں بلکہ وہاں سے بھاگ بھی گئیں۔
دہلی کمیشن فار ویمن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’میں نے ابھی یہ ویڈیو دیکھی ہے جس میں ایک کورین وی لاگر نے پوسٹ کی ہے جس میں انہیں جودھ پور میں جنسی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے راجستھان کے وزیراعلٰی اشوک گیہلٹ سے خاتون وی لاگر کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسے لوگ ہمارے عظیم ملک کی ساکھ کو خراب کر رہے ہیں۔‘

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جودھ پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کورین وی لاگر کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق علاقے کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) دنیش لکھاوت کا کہنا ہے کہ جنوبی کورین وی لاگر کو ہراساں کرنے والے شخص کی شناخت دیپک کے نام سے ہوئی ہے اور ’وہ دماغی بیماری کا شکار ہونے کا بعد یہاں وہاں گھومتا رہتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے اسے نقص امن کے قانون کے تحت گرفتار کیا ہے کیونکہ سیاح کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی۔‘
خیال رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں ایک اطالوی خاتون کو جیسملیر جانے والی ٹرین میں ہراساں کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خود کو ٹرین کے باتھ روم میں بند کر لیا تھا۔

شیئر: