ہر سال کی طرح اس برس بھی ہزاروں سیاح اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ عید الفطر خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں اور گلگت بلتستان کے پرفضا مقامات پر منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں یوں تو کئی مقامات ایسے ہیں جہاں سیاحت کے لیے جایا جا سکتا ہے لیکن گزشتہ برسوں میں دیکھنے میں آیا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر سیاح زیادہ تر پانچ علاقوں کا رخ کرتے ہیں جن میں ضلع سوات، بحرین، مدین، مالم جبہ، گبین جبہ اور کالام شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ہنزہ کی ڈاکٹر نازنین آئبکس کا شکار کرنے والی پہلی خاتونNode ID: 757741
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس عید کے موقع پر تین دنوں میں پانچ لاکھ سیاح یہاں تفریح کے لیے آئے تھے۔
سڑکوں کی بحالی
لوگوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس برس حکومت عیدالفطر کے موقع پر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
سوات کے پر فضا مقام کالام پر سیاحوں کی زیادہ بھیڑ دیکھنے میں آتی ہے۔ گذشتہ سال مون سون میں سیلاب کی وجہ سے کالام میں ہوٹل انڈسٹری اور رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ اب مقامی ہوٹل مالکان، تاجروں اور حکومت کی مشترکہ کوششوں سے کالام بازار کا زیادہ تر حصہ اور ہوٹل بحال ہوچکے ہیں۔
کالام میں ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدیدار نبی شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والی سڑکیں اب بحال کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ہوٹل اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر مہنگائی کا 30 فیصد تک اثر پڑا ہے لیکن اس کے باوجود لوگوں نے بھیڑ سے بچنے کے لیے دو ماہ پہلے ہوٹلوں میں بکنگ کروا لی تھی۔
مقامی صحافی نورالہدیٰ کے مطابق سڑکیں تباہ ہونے کے بعد دوبارہ بحال تو کر دی گئی ہیں لیکن ابھی کچی ہیں، تاہم ان پر ہر قسم کی ٹریفک آ جا سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا ٹورزم اتھارٹی کے ترجمان سعد بن اویس نے اردو نیوز کو بتایا کہ سیلاب کے بعد گلیشیئر پگھلنے سے بھی سڑکیں متاثر ہوئی تھیں جو اب کھول دی گئی ہیں۔
بحرین کے راستے بھی سیلاب سے متاثر ہوئے تھے مگر این ایچ اے نے گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل بنا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹی گاڑیاں بھی ان راستوں پر سفر کرسکتی ہیں۔
ترجمان ٹورزم اتھارٹی کے مطابق گلیات، ناران، چترال اور دیر کمراٹ میں بھی سڑکیں کھلی ہیں۔ ان مقامات میں سیاحوں کے لیے تمام انتظامات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
لواری ٹنل پر ٹورازم ڈیسک
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سیاحوں کی رہنمائی کے لیے لواری ٹنل پر ٹورزم ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ اگر انہیں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو ضلعی انتظامیہ کنٹرول روم پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چترال میں گرم چشمہ اور وادی کیلاش میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے اس لیے ان علاقوں میں انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈی سی لوئر چترال محمد علی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے لیے پولیس کی نفری جگہ جگہ تعینات کر دی گئی ہے۔
دیر میں معلوماتی بینرز آویزاں
اپر دیر ضلع انتظامیہ کے مطابق کمراٹ میں سڑکوں کو کشادہ کیا گیا ہے تاہم رش سے بچنے کے لیے جگہ جگہ سفری ہدایات بینرز کی صورت میں آویزاں کر دی گئی ہیں۔
کیمپنگ پوڈز کی سہولت
خیبرپختونخوا کے 10 سیاحتی مقامات میں رہائش کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کیمپنگ پوڈز بھی لگائے گئے ہیں۔ ان میں وادی کیلاش، ٹھنڈیانی، بشیگرام، یخ تنگی، شانگلہ، گبین جبہ، شیخ بدین، بٹگرام اور ناران کے مقامات شامل ہیں۔ محکمہ سیاحت کے مطابق کیمپنگ پوڈز کے لیے آن لائن بکنگ کی سہولت موجود ہے۔
