عمرہ ویزے کی مدت کا شمار کب سے؟
عمرہ ویزے کی مدت کا شمار مملکت میں داخل ہوتے ہی شروع ہوجاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزے کی مدت کا شمار مملکت پہنچتے ہی شروع ہوتا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے ٹوئٹرپر عمرہ ویزے کے حوالے سے ایک زائر کی جانب سے کیے گئے استفسار کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’عمرہ ویزہ کی مدت کا شمار سعودی عرب پہنچنے کی تاریخ سے شروع ہوجاتا ہے لہذا تمام زائرین ویزے کی میعاد کی پابندی کریں‘۔
عمرہ زائر نے استفسار کیا تھا کہ ’اسے عمرہ ویزہ مل چکا ہے اس کی مدت حج موسم کے بعد تک کی ہے۔ آیا وہ حج سے قبل سعودی عرب سے واپس جاسکتا ہے؟‘
وزارت حج نے توجہ دلائی کہ ’عمرہ ویزے پر آنے والے سعودی عرب میں 90 دن تک قیام کرسکتے ہیں‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’بغیر ویکسین والے افراد کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز اور عمرے کی اجازت ہے بشرطیکہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا نہ ہوں اور کورونا وائرس کے مریض سے ان کا ملنا جلنا نہ ہوا ہو‘۔