Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوانین کی خلاف ورزی پر 69 صحت ادارے سیل

وزارت صحت کے تفتیشی افسران نے تفتیشی دورے کیے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت صحت کے تفتیشی افسران نے سال رواں 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایک لاکھ  6 ہزار  600 تفتیشی دورے کرکے 69 صحت اداروں کو مختلف خلاف ورزیوں پر سیل کردیا۔
اخبار  24 کے مطابق وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحت اداروں کو 2567 سزائیں دی گئیں۔ 196 ہسپتال، 1267 میڈیکل  کمپلیکس،  941 فارمیسیوں  اور 163 دیگر صحت اداروں کے یہاں قانون صحت کی مختلف خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ 69 صحت اداروں کو اصلاح حال تک بند کیا گیا ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیاں ختم کرکے رپورٹ پیش کریں۔ ایسی صورت میں انہیں بحال کردیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک ہسپتال،  56 میڈیکل  کمپلیکس، تین فارمیسیوں اور نو دیگر صحت اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 622 تادیبی قراردادیں صحت عملے کے خلاف جاری کی گئیں جبکہ صحت اداروں کے یہاں 6697 احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کی خلاف ورزیاں ریکارڈ  کی گئیں۔
وزارت صحت نے سعودی عرب کے ہسپتالوں، میڈیکل کمپلیکس، صحت اداروں، فارمیسیوں اور دیگر صحت اداروں کے عملے اور صحت نگہداشت کے ذمہ داران کو تاکید کی ہے کہ وہ صحت قوانین کی خلاف ورزی سے دور رہیں۔ خلاف ورزی پر تین لاکھ ریال تک جرمانہ، ادارے کی بندش، لائسنس کی ضبطی، صحت کارکن کا لائسنس ختم کرنے تک کی سزائیں مقرر ہیں۔ دو برس تک پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: