بلوچستان میں دہشت گردوں کا فرنٹیئر کور کے کیمپ پر حملہ، چار ہلاک
کلیئرنس آپریشن کے دوران دو فوجی اہلکار بھی مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں دہشت گردوں نے فرنٹیر کور کے ایک کیمپ پر حملہ کیا ہے۔
جمعے کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق شمالی بلوچستان کے مسلم باغ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے فرنٹیئر کور کے کیمپ پر صبح سویرے حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اُن کو بلڈنگ کے ایک کونے تک محدود کر دیا گیا ہے۔
’سکیورٹی فورسز نے مقابلے کے بعد دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔‘
بیان کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں پر دباؤ بڑھایا ہوا ہے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
کلیئرنس آپریشن کے دوران دو فوجی اہلکار بھی مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
بلوچستان میں حالیہ کچھ عرصہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔